مہوبہ،:30/مارچ(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)مہوبہ ٹرین حادثے پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے ریلوے کے وزیر سریش پربھو نے حادثے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابھی اس معاملے میں دہشت گرد سازش ہونے کی بات کہنا جلد بازی ہوگی، مگر شکر ہے کہ حادثے میں جان ومال کا زیادہ نقصان نہیں ہوا۔ وہیں ریاستی حکومت نے اس حادثے میں شدید زخمی مسافروں کو 50-50 ہزار روپے اور معمولی طور پر زخمی مسافروں کو 25-25 ہزار روپے کی مدد کا اعلان کیا ہے۔صوبے کے وزیر صحت سددھارتھناتھ سنگھ نے بھی معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے جائے واقعہ پر پہنچے۔ یہاں انہوں نے کہا کہ معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے اور اے ٹی ایس سمیت کئی ایجنسیاں تحقیقات میں لگی ہیں۔ وزیر صحت نے کہا کہ انتظامی طور پر بھی معاملے کی شدت سے جانچ ہو رہی ہے، اگر ریلوے کی لاپرواہی یا کسی طرح کی سازش پائی جاتی ہے تو گنہگاروں کو بخشا نہیں جائے گا، زخمیوں کا حال جاننے کے ساتھ ساتھ صحت کے وزیر نے مریضوں کو مالی مدد کے لحاظ سے چیک پیش کئے۔ اس دوران انہوں نے کل 44 مریضوں کو 25-25 ہزار روپے کے چیک دئے۔